محکمہ اوقاف کی ڈسپنسریوں سے عملہ غائب،ادویات نایاب،مریض خوار

محکمہ اوقاف  کی  ڈسپنسریوں  سے  عملہ غائب،ادویات نایاب،مریض  خوار

ملتان(خبرنگارخصوصی)محکمہ اوقاف کے زیرانتظام پنجاب کے تین شہروں میں قائم ڈسپنسریوں میں عرصہ دراز سے ادویات ناپید ہیں، سہولیات نہ ہونے کے باعث مریضوں نے رخ کرنا چھوڑ دیا ہے جبکہ عملہ نے بھی غیر حاضر رہنا معمول بنا لیا ہے ۔

 واضح رہے کہ محکمہ اوقاف کے زیرانتظام ملتان، کوٹ مٹھن اور پاکپتن میں ڈسپنسریاں قائم ہیں جہاں سہولیات کا فقدان اور ادویات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ مریضوں کی آمدورفت نہ ہونے کے باعث ڈسپنسریاں ویرانی کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ محکمہ اوقاف کے زیرانتظام ملتان ڈسپنسری میں 2 جبکہ کوٹ مٹھن اور پاکپتن میں ایک ایک ڈاکٹر تعینات ہے ، دیگر عملہ اس کے علاوہ ہے مگر چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث ڈاکٹروں اور عملہ کی غیر حاضریاں معمول بن چکی ہیں جس سے مزارات پر آنے والے زائرین اور شہریوں کو علاج معالجے میں پریشانی کا سامنا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام نوٹس لے کر فوری کارروائی کرتے ہوئے مسئلہ حل کروائیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں