ویسٹ مینجمنٹ عملہ غائب، شہر کوڑے دان میں تبدیل
ملتان(شاہدلودھی سے ) ملتان ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ گھر بیٹھ گیا، گلی گلی کوڑے کرکٹ کے ڈھیر، سٹرک کنارے کھڑے کنٹینر بھر گئے۔
تفصیل کے مطابق ملتان ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کرنے لگا ۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی پالیسیاں شہریوں کے لئے اذیت کا باعث بن گئیں،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی صرف جمع خرچ ہے جس کی وجہ سے شہر میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے گاڑیاں کھٹارہ ہونے کے باعث روزانہ کی بنیاد پر 1300 ٹن کوڑا اٹھانے کے بجائے صرف 700 ٹن ہی کوڑا اٹھایا جا رہا ہے جس سے گلی محلوں کے ساتھ شہر کی عام شاہرائوں پر بھی گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں اور کمپنی شہریوں کو صفائی کا بہتر ماحول دینے میں ناکام ہو چکی ہے ، جس کی وجہ سے پیدا ہونے والے تعفن اور بیماریوں سے شہری شدید پریشانی کا شکا ر ہیں۔نیو ملتان، گارڈن ٹائون، مل پھاٹک، قاسم بیلہ، گلگشت، اندرون شہر، سورج میانی، حسن پروانہ کالونی، ٹبی شیر خان، مسلم ٹائون اور دیگر علاقوں میں جگہ جگہ گندگی کے انبار لگ چکے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب صفائی آپریشن کے نام پر افسران بالا کو ’’سب اچھا ہے ‘‘ کی رپورٹ دی جا رہی ہے شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور حکام سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔