کسان پیکیج سے پنجاب میں ہریالی آئیگی،عاشق کرمانی
ملتان( وقائع نگار خصوصی )وزیر اعلیٰ پنجاب کے پنجاب ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پروگرام کے تحت صوبہ میں زرعی ترقی اور ۔
کسانوں کی خوشحالی کے نئے دور کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق حکومت نے مالی سال 25-2024 کے بجٹ میں زرعی ترقی کے لیے 300 فیصد تک کا اضافہ کیا ہے ۔ اربوں روپے کی لاگت سے کسان پیکیج کی بدولت پنجاب میں ہریالی آئے گی اور کسانوں کی تقدیر بھی بدلے گی۔ موجودہ حکومت زرعی ترقی کا سنہرا دور واپس لانے کیلئے پرعزم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے ایگریکلچر کمیشن کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، رانا ایاز سلیم ، اسامہ خان لغاری،رانا اعجاز، عشرت اشرف سمیت سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، محمد مسعود انور ، ثاقب علی عطیل اور ڈاکٹر اقرار احمد خان سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب/ چیئرمین ایگریکلچر کمیشن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ایگریکلچر کمیشن کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ ماضی میں صوبہ پنجاب میں کا زراعت کا شعبہ پلاننگ کے فقدان کے باعث تنزل پذیر رہا ہے ۔