فوڈ اتھارٹی کے سنیکس یونٹس ،بیکریز پر چھاپے

فوڈ اتھارٹی کے سنیکس یونٹس ،بیکریز پر چھاپے

لودھراں ( ڈسٹرکٹ رپورٹر، سٹی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی صحت دشمن مافیا کیخلاف کارروائیاں، فوڈ سیفٹی ٹیموں کی سنیکس یونٹس، سویٹس اینڈ بیکرز اور۔۔۔

 ملک کولیکشن سنٹر سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر لودھراں میں شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوڈ سیفٹی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فوارہ چوک اور خیر پور روڈ کہروڑ پکا میں 2 پاپڑ فیکٹریوں کو دوسرے برانڈز کی جعلی لیبلنگ کرنے ، فوڈ سٹوریج ایریا میں حشرات کی بھرمار، ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے ، ناقابل سراغ اجزاء کے استعمال پر مجموعی طور پر 45 ہزار روپے کے جرمانے عائد کردیئے گئے ۔ اسی طرح پیر برہان روڈ، پیلی کوٹھی چوک کہروڑ پکا اور سوئی والا لودھراں میں 2 سویٹس اینڈ بیکرز پروڈکشن یونٹس کو تیار شدہ مصنوعات پر لیبلنگ نہ ہونے ، خوراک کی تیاری میں ناقابل سراغ اجزاء کی ملاوٹ کرنے ، سٹور ایریا میں مردہ حشرات پائے جانے اور صفائی کے ناقص انتظامات پر مجموعی طور پر 40 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے ۔ اس کے علاوہ قادر پور چمنا کہروڑ پکا میں ملک کولیکشن سنٹر کو دودھ سٹور ایریا میں حشرات کی موجودگی، سگریٹ نوشی کرنے ، دودھ کا تجزیہ ریکارڈ نہ ہونے پر 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں