اپنی چھت اپنا گھر سکیم:قرضوں کی فراہمی کا آغاز
ملتا ن (وقائع نگار خصوصی،خصوصی رپورٹر، لیڈی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت ضلع ملتان میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت قرضہ فراہمی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ۔
اس سلسلے میں پہلی قرعہ اندازی میں 270 کامیاب شہریوں کو بلاسود قرضے کی پہلی قسط جاری کر دی گئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام رضا ہال میں پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی سلمان نعیم ،محمد نازک کرم ،ملک لعل محمد جوئیہ ،محمد اقبال سراج اور ملک واصف راں شریک ہوئے ۔ تقریب میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت قرضہ جات حاصل کرنے والے شہریوں میں لیٹر تقسیم کئے گئے ۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں 270 شہریوں کو بذریعہ قرعہ اندازی گھر کیلئے قرضہ جات فراہمی کا حقدار قرار دیا گیا ہے ضلع انتظامیہ کی جانب سے قرعہ اندازی کا تمام عمل انتہائی شفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا گی۔ایم پی اے سلمان نعیم نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب سے پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھانے کی درخواست کرینگے ۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے گزشتہ روز گورنمنٹ لیباٹری ماڈل ہائی سکول گلگشت کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا ضلع ملتان کے 60 سے زائد سکولز کو تجرباتی طور پر نجی سیکٹر کے حوالے کیا گیا ہے تاکہ عوام کا سرکاری تعلیمی نظام پر اعتماد بحال کیا جاسکے ، اساتذہ کرام کی استعداد کار میں اضافے کیلئے کورسز اور تربیتی سیشن بھی کرائے جائیں گے ۔کمشنر مریم خان نے ڈی سی وسیم حامد سندھو کے ہمراہ تحصیل جلالپور پیر والا کا دورہ کیا اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں طبی سہولیات کی انسپکشن کی اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیر والہ مرزا راحیل بیگ نے بریفنگ دی۔