سکولوں پر چھاپے،انتظامی نااہلی پر سربراہوں کی سرزنش،اصلاحات کا حکم
ملتان(خصوصی رپورٹر)سی ای او ایجوکیشن ملتان کے سکولوں پر چھاپے ، دوسربراہوں کو وارننگ اہم اقدامات کرنے کا حکم تفصیل کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر (DEA) ملتان صفدر واہگہ نے سکولوں کا دورہ کیا۔
ایم سی گرلز پرائمری سکول ٹینا والی کھوئی اور قدیر آباد ملتان میں ناگفتہ بے حالات دیکھ کر پرنسپلز کی سرزنش کی اور مقررہ ایس اوپیز پر عمل کرانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ مین گیٹ کے بورڈ کو سی ای او کے دفتر کی طرف سے دیئے گئے نمونے کے مطابق پینٹ کریں سکول میں تینوں رنگوں کے کچرے کے ڈبے ہونے چاہئیں،الماریوں اور کھڑکیوں کو صاف ستھرا ہونا چاہیے اور اس میں کوئی اضافی چیز نہیں ہونی چاہئے ۔ ای سی ای روم کے تمام چھ کمرے فعال ہونے چاہئیں واٹر کولر صاف اور فعال ہونا چاہیے کسی بھی حادثے سے بچنے کے لیے برقی آلات کو ڈھانپ کر رکھیں تمام ٹوٹے ہوئے فرنیچر کی مرمت کریں سموگ، اینٹی ڈینگی، کورونا، واش کلب وغیرہ سے متعلق بینرز آویزاں کریں جہاں بھی ضرورت ہو پینٹ کریں ۔انفارمیشن سسٹم اور حاضری کے رجسٹر پر طلباء کی تعداد ایک جیسی ہونی چاہیے ۔سبق کے منصوبے باقاعدگی سے تیار کریں نان سیلری بجٹ ریکارڈ کو بروقت تیار کیا جائے ۔ طلباء کی 100فیصدحاضری کو یقینی بنائیں چھت اور پنکھے صاف رکھیں باقاعدگی سے ہوم ورک اور کلاس ورک چیک کریں۔سرخ قلم سے غلطیوں کی نشاندہی کریں اور واش رومز اور سکول کے احاطے کو صاف ستھرا رکھیں۔