ہسپتالوں کے گائنی وارڈز میں سہولتیں بڑھانے کا فیصلہ
ملتان(وقائع نگار خصوصی،لیڈی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کا خواتین کی صحت کے حوالے سے گائنی ہسپتالوں پر خصوصی فوکس ہے ۔۔۔
اس سلسلے میں تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں ،حکومت نے سہولیات بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اچانک فاطمہ جناح گائنی ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کی انسپکشن کی جبکہ ڈپٹی کمشنر نے گائنی وارڈ میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور شکایات کا ازالہ بھی کیا۔وسیم حامد سندھو نے وارڈز کی صفائی اور ڈاکٹرز کی حاضری بھی چیک کی۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ نشتر ہسپتال پر لوڈ کم کرنے کیلئے فاطمہ جناح گائنی ہسپتال کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جبکہ گائنی وارڈ میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی موجودگی یقینی بنائی گئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ آئوٹ ڈور،ایمرجنسی وارڈ اور آپریشن تھیٹرز کو عالمی معیار کے مطابق چلایا جارہا ہے۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے سموگ کے تدارک کیلئے بھرپور اقدامات کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔