کرسمس کی تیاریاں عروج پر ،گرجا گھروں کی تزئین وآرائش
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)کرسمس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، بازاروں میں خریداروں کا رش، تقریبات کیلئے گرجا گھروں کی تزئین وآرائش اور رنگ وروغن کا کام جاری،سکیورٹی بھی بڑھادی گئی ۔
ذرائع کے مطابق مسیحی برادری کی جانب سے کرسمس کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے ،گرجا گھروں میں عبادت کا اہتمام کیا جارہا ہے جبکہ مختلف مسیحی اداروں میں رنگا رنگ تقریبات بھی جاری ہیں، دوسری جانب کرسمس کی تیاریوں کے باعث بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے جہاں شہریوں کی بڑی تعداد کرسمس کے حوالے سے خریدوفروخت میں مصرو ف ہے ، دکانوں پر گاہک من مرضی کی چیزیں تلاش کرتے نظر آرہے ہیں، دریں اثناء بڑھتی مہنگائی کے باعث سجاوٹی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ مسیحی برادری کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے اگرچہ خریداری متاثر کی ہے مگر ہم کرسمس بھرپور انداز سے منانے کیلئے پر عزم ہیں۔