منشیات فروشوں کی گرفتاری پر رشتہ داروں کا پولیس ٹیم پرحملہ
وہاڑی،بوریوالا(نمائندہ خصوصی،سٹی رپورٹر، نمائندہ دنیا )منشیات فروشوں کی گرفتاری پر رشتہ داروں کا پولیس ٹیم پرحملہ،روڈ بلاکر کے احتجاج شروع کردیا۔
،اہلکاروں کی وردیاں پھاڑدیں، سرکاری گاڑی ودیگر گاڑیوں کے ڈنڈے مار کرشیشے توڑ دئیے ،دوملزموں سمیت 39افراد کیخلاف الگ الگ مقدمات درج، مزید تفتیش جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر پولیس نے صدام اور شریف سکنہ 451 ای بی بوریوالا سے دوران تلاشی اڑھائی کلو سے زائد ہیروئن برآمد کرکے دونوں کو گرفتار کر لیاجس کے بعد ملزموں کے عزیز و اقارب نے مرکزی شاہراہِ دہلی ملتان روڈ بلاک کرکے احتجاج کرنا شروع کر دیا، روڈ کھلوانے کے لیے جانے والی پولیس پارٹی پر بھی حملہ کر دیا،اہلکاروں کی وردیاں پھاڑ دیں، سرکاری گاڑی اور روڈ پر کھڑی گاڑیوں پر ڈنڈے برسا کر توڑ پھوڑ شروع کر دی ۔ تھانہ صدر پولیس نے زیر حراست دو ملزموں کے خلاف منشیات برآمد ہونے پر الگ الگ مقدمات درج کر لیے جبکہ پولیس پارٹی پر حملہ آور ہونے پر ایس ایچ او تھانہ ماڈل ٹاون بوریوالا رانا کاشف علی نے اپنی مدعیت میں طالب،لطیف،عابد،ججا بھٹی،شانی بھٹی،افضل مسیح سمیت 37 افراد کے خلاف 7 مختلف دفعات کا اطلاق کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا۔