چوک سرور شہید فلتھ ڈپو بن گیا، عملہ صفائی 1ماہ سے غائب

چوک سرور شہید(نمائندہ دنیا)چوک سرورشہید میں ایک ماہ سے صفائی نہ ہوئی عملہ صفائی غائب، چیف آفیسر کی تعیناتی بھی نہ ہوسکی ، گلی محلوں میں گندگی کے انبار، سیوریج سسٹم بند ہونے پرسماجی کارکن اور سابق کونسلر عابد منظور باروی کی قیادت میں ایک سو سے زائدشہریوں نے اے سی آفس کے سامنے شدید احتجاج کیا ۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ایک ماہ سے شہر بھر میں تمام گلی محلوں میں صفائی کا نظام درہم برہم ہے ، جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور سوریج کے گندے پانی کی وجہ سے گلیاں جوہڑ بن چکی ہیں۔ عابد منظور باروی نے کہا کہ بار بار ضلعی و تحصیل انتظامیہ سے اپیل کی گئی لیکن کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ، عارضی تعینات سی او میونسپل کمیٹی کئی کئی روز دفتر نہیں آتا،وزیر اعلیٰ سے اپیل ہے کہ فوری کرپٹ عملہ تبدیل کر کے صفائی کے مسائل حل کرائے جائیں۔