مراکز صحت کی کڑی مانیٹرنگ،ڈپٹی کمشنرز کو ٹاسک

ملتان(لیڈی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب کا صحت مند پنجاب ویژن کے تحت کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے مریم نواز ہیلتھ سنٹر قادرپورراں کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز ہیلتھ کلینک وزیر اعلیٰ پنجاب کا انقلابی منصوبہ ہے ۔
ڈویژن میں دیہی مراکز صحت کے لیول پر 21 مریم نواز ہیلتھ سنٹرز اپ گریڈ کئے جارہے ہیں۔جبکہ بنیادی مراکز صحت کی سطح پر 188 مریم نواز ہیلتھ کلینکس کی تکمیل تیزی سے جاری ہے ۔ ہیلتھ کلینکس اور سنٹرز میں جدید طبی سہولیات اور آلات فراہم کئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنرز کو بنیادی مراکز صحت کی کڑی مانیٹرننگ کا ٹاسک دیا ہے ۔ ایکسیئن بلڈنگز محمد حیدر نے ترقیاتی منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہیلتھ سنٹر قادر پورراں مکمل ہوچکا ہے اور محکمہ صحت کو ہیڈ اوور کیا جاچکا ہے ۔11 ہیلتھ کلینکس محکمہ ہیلتھ کو ہینڈ اوور کئے جاچکے ہیں۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے اولڈ ایج ہوم (عافیت) ملتان کا اچانک دورہ کیا۔ کمشنر ملتان نے بزرگوں کے کمروں میں جا کر ان سے ملاقات کی اور سہولیات کا جائزہ لیا اور بزرگ مرد و خواتین کو دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان میڈم ام فروہ ہمدانی بھی موجود تھیں۔ کمشنر ملتان، بزرگوں کے لئے مختلف اقسام کے ڈرائی فروٹ اور مٹھائی بھی ساتھ لائے ، جو بزرگوں کو پیش کی گئی۔ کمشنر ملتان نے بیشتر وقت بزرگوں کے ساتھ گزارا۔ بزرگوں نے کمشنر ملتان کو اپنے درمیان پا کر بہت خوشی کا اظہار کیا۔ اپنوں کی بے اعتنائی کی داستان سناتے ہوئے بعض بزرگ خواتین و مرد کے آنکھوں میں آنسو آگئے ۔ کمشنر نے بزرگوں کو گلے لگایا۔ کمشنر ملتان نے تارے زمین پر ٹرسٹکی طرف سے ادارہ کے لئے کی جانے والی خدمات کو بھی سراہا اور موقع پر موجود ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان، میڈم ام فروہ ہمدانی اور ان کی ٹیم کو اولڈ ایج ہوم میں بزرگوں کے لئے بہترین انتظامات پر شاباش دی۔ اس موقع پر انچارج اولڈ ایج ہوم نند لال بھی موجود تھے ۔