زراعت کا مستقبل کپاس، گندم سے وابستہ ،عاشق کرمانی
ملتان (وقائع نگار خصوصی)وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ زراعت کا مستقبل کپاس، گندم، تیلدار اجناس اور سبزیات و پھلوں کی پیداوار میں اضافے سے وابستہ ہے ۔۔
زرعی سائنسدان موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی اقسام کی تیاری پر توجہ دیں جو زیادہ پیداوار دیں اور درآمدی بل میں کمی لائی جا سکے ۔وہ پنجاب ایگریکلچرل ریسرچ بورڈ (پارب) کے 51ویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں پارب کے نئے ایگزیکٹو ممبرز کی تعیناتی کی منظوری دی گئی جن میں ایڈمن و فنانس، مانیٹرنگ و ایولویشن، اور کوآرڈی نیشن ممبران شامل ہیں۔ چیف ایگزیکٹو پارب ڈاکٹر عابد محمود نے وزیر زراعت کو ادارے کی سرگرمیوں اور ایجنڈا پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں پارب ملازمین کی تنخواہوں پر نظرثانی اور نئے مجوزہ پیکیج کی بھی منظوری دی گئی۔اس موقع پر وزیر زراعت نے کہا کہ پارب زرعی تحقیق کو عملی میدان میں لانے والا کلیدی ادارہ ہے ، جس کی کارکردگی میں نئے ممبران کی شمولیت سے بہتری آئے گی۔ زرعی تحقیق کو کسان کے فائدے کے لئے مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔