بچوں سے چھیڑچھاڑ و اغواء کا ملزم زخمی حالت میں گرفتار

 بچوں سے چھیڑچھاڑ و اغواء کا ملزم زخمی حالت میں گرفتار

جہانیاں (نامہ نگار) شہر اور نواحی علاقوں میں بچوں سے چھیڑچھاڑ اور اغواء کی کوششوں میں ملوث خطرناک ریکارڈ یافتہ ملزم بالآخر پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ ڈی پی او خانیوال اسماعیل کھاڑک کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ جہانیاں محمد سرفراز احمد نے جدید طرزِ تفتیش اپناتے ہوئے۔۔۔

 سی سی ٹی وی فوٹیجز اور ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کا سراغ لگایا۔ پولیس کے مطابق ملزم سلیم ولد بشیر سکنہ 117 دس آر کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپہ مارا گیا تو وہ فرار ہونے لگا اور ریلوے پھاٹک کے قریب اپنے نیفے سے پسٹل نکالتے وقت گولی چلنے سے زخمی ہوگیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ہسپتال منتقل کر دیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ جہانیاں میں تین مختلف مقدمات درج تھے ، جن میں 11 سالہ احمد جنید، 11 سالہ محمد ابراہیم اور 7 سالہ صبیحہ مدثر کو اغواء کی کوشش کے واقعات شامل ہیں۔ ایک بچے نے شور مچانے پر موٹر سائیکل سے چھلانگ لگا کر جان بچائی تھی جبکہ دیگر واقعات میں اہلِ علاقہ کے تعاقب پر ملزم فرار ہوگیا تھا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم بچوں سے چھیڑچھاڑ کی متعدد شکایات میں بھی ملوث پایا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں