سیلابی نقصانات کا سروے فوری مکمل کرنے کاحکم

سیلابی نقصانات کا سروے فوری مکمل کرنے کاحکم

ملتان(وقائع نگار خصوصی)سیلاب سے متاثرین کی جلد بحالی کیلئے نقصانا ت کا تخمینہ لگانے کیلئے تمام موضعات کا سروے فوری مکمل کرنے کا حکم ۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور جوائنٹ سروے ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔۔۔

متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اورنقصانات کی تفصیلات حاصل کیں، انہیں یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ متاثرین کو ہر ممکن ریلیف اور مالی معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام موضعات کا سروے فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ کسی مستحق خاندان کو امداد سے محروم نہ رکھا جائے ، سروے کے بعد متاثرین کو امدادی رقوم کی ادائیگی میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی ضلعی انتظامیہ کی پہلی ترجیح ہے ، ریاست اور تمام محکمے سیلاب متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو جلد ان کے گھروں اور معمولاتِ زندگی کی بحالی میں مدد فراہم کی جا سکے ۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے شہباز شریف ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اورمختلف وارڈز، ایمرجنسی اور ادویات سٹور کا معائنہ کیا،مریضوں سے ملاقات کی اور علاج و معالجے کے معیار، ادویات کی دستیابی اور عملے کے رویے کے بارے میں بھی استفسار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مفت ادویات کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر یا کمی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال آنے والے ہر مریض کو مکمل علاج، صفائی ستھرائی اور طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں، صحت عامہ کی بہتری اور ہسپتالوں کے نظام کو فعال بنانا ضلعی انتظامیہ کی سب سے بڑی ترجیح ہے تاکہ شہریوں کو گھر کے قریب معیاری علاج میسر ہو سکے ۔مزید برآں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے انٹر نیشنل ٹیچرز ڈے کے موقع پر ں ڈسڑکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان کے زیر اہتمام ہیروٹیچرز ایوارڈ کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کرام قوم کے معمار ہیں جو نہ صرف آنے والی نسلوں کا مقدر سنوارتے ہیں بلکہ معاشرے کی بنیادوں کو بھی مضبوط بناتے ہیں،فرض شناس اور محنتی اساتذہ کی ہر سطح پرحوصلہ افزائی کریں گے ،فرض شناسی اور مؤثر احساسِ ذمہ داری کو ہر سطح پر فروغ دینا ضروری ہے ۔ ضلع ملتان کے 84مرد وخواتین اساتذہ کو ہیرو ایوارڈ اور سٹار سے نوازاگیا۔سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا اساتذہ معاشرے کا قابل احترام طبقہ ہیں اور قوم کے معمار اور ملک کا وقار ہیں، اساتذہ معاشرے میں تعمیری و مثبت سوچ کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں