سیلابی زمینوں کو کار آمد بنانے کیلئے حکمت عملی شروع ، ثاقب خورشید
حکومت متاثرین کیساتھ ہے ، لیگی ایم پی اے ، سلدیرا میں مفت بیج تقسیم کی ‘خطاب
وہاڑی(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ ن کے ایم پی اے میاں محمد ثاقب خورشید نے کہا ہے کہ سیلاب سے تباہ حال علاقوں کی زمینوں کو کار آمد بنانے کیلئے وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کی جامع حکمت عملی پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے ،مکانات اور مال مویشی نقصانات کا ازالہ سروے کے بعد یقینی بنایا جائے گا ۔وہ پی سی پی اے کے چیئرمین و چیف ایگزیکٹو یعقوب گروپ آف کمپنیز راؤ محمد افضل اور چودھری شاہد عظیم کی طرف سے متاثرہ کسانوں کو دو ہزار ایکڑ زمین کیلئے مفت بیج دینے کی افتتاحی تقریب منعقدہ موضع سلدیرا میں خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ بھارت نے دوبارہ آبی جارحیت کی مذموم سازش پر عمل کرتے ہوئے گزشتہ روز پھر کچھ پانی چھوڑا ہے ،حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور مکمل بحالی تک انکے ساتھ کھڑی رہے گی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رانا محمد عارف نے بتایا کہ وہاڑی میں 107دیہات شدید متاثر ہوئے ہیں، فوری بیج کی فراہمی سے دور رس نتائج برآمد ہوں گے ،ہم زراعت سے جڑے گروپ کے انیشیٹو پر شکر گزار ہیں ،یہ مشکلات میں گھرے زراعت سے وابستہ افراد کی بہترین خدمت ہے ۔ محمد ساجد، مصدق ملک،منیر احمد خان پہلوان نے بھی اپنے خطاب میں حکومت پنجاب کے دوران سیلاب اور بعد کے اقدامات کو سراہا اور بھر پور ساتھ دینے کا عزم کیا۔