ڈپٹی کمشنر کا تحصیل ہسپتال کا دورہ ‘ صفائی بہتر بنانے کی ہدایت
عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے :سید منور عباس کی گفتگو
کوٹ ادو،(نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو سید منور عباس بخاری کا تحصیل ہسپتال کوٹ ادو کا اچانک دورہ ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سید منور عباس بخاری نے ہسپتال میں موجود ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر عملے کی حاضری کو چیک کیا اور ایمرجنسی، میڈیکل، سرجیکل اور دیگر وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات، علاج کے معیار اور عملے کے رویے کے بارے میں استفسار کیا مریضوں نے مجموعی طور پر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا،انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین علاج، صفائی ستھرائی اور سہولتوں کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر سید منور عباس بخاری نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو پابند کیا کہ تمام ڈاکٹرز و عملہ ڈیوٹی کے اوقات میں اپنی حاضری یقینی بنائیں اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی و حسنِ سلوک کو یقینی بنایا جائے ۔