غیر قانونی پیٹرول یونٹس کیخلاف سول ڈیفنس کی کارروائیاں
غیر قانونی آئل ایجنسیاں اور ایل پی جی شاپس سیل، متعدد استغاثے جمع کروا دیئے
لودھراں (سٹی رپورٹر ) ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب راؤ تسنیم خان اور ڈپٹی کمشنر لودھراں ڈاکٹر لبنیٰ نزیر کی ہدایت پر سول ڈیفنس لودھراں کی ٹیموں نے غیر قانونی پیٹرول یونٹس، آئل ایجنسیوں اور ایل پی جی شاپس کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔سول ڈیفنس آفیسر طاہر عباس بھٹہ اور چیف انسٹرکٹر عمران مہدی بابر کی قیادت میں لودھراں، دنیاپور اور جلہ آرائیں کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے ۔ کارروائیوں کے دوران غیر قانونی مشینری ضبط کرلی گئی اور ملزمان کے خلاف تھانہ صدر، سٹی لودھراں، دنیاپور اور قریشی والا میں استغاثے جمع کروا دیے گئے ۔طاہر بھٹہ اور عمران مہدی بابر نے کہا کہ غیر قانونی تیل و گیس کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ 13 کارروائیاں کی جا چکی ہیں اور تمام مشتبہ مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے یا عوامی نقصان سے بروقت بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔