وہاڑی میں انسدادِ پولیو مہم کی تیاریاں مکمل، ٹیمیں تیار
ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس‘تمام محکموں کو مؤثر کوآرڈینیشن کی ہدایت
و ہاڑی (خبرنگار) ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر کی زیر صدارت انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید نے مائیکرو پلان اور تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ 13سے 16اکتوبر تک جاری رہنے والی مہم کے دوران تمام محکمے مربوط کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 5سال سے کم عمر 6لاکھ 41ہزار 220 بچوں کو پولیو کے قطرے اور وٹامن اے کے کیپسول دیے جائیں گے ۔مہم کے دوران 4352 موبائل، 109فکسڈ اور 178 ٹرانزٹ ٹیمیں خدمات انجام دیں گی، جبکہ مجموعی طور پر 5130اہلکار فرائض سرانجام دیں گے ۔ پولیس اہلکار ٹیموں کے ہمراہ اور داخلی و خارجی راستوں پر تعینات ہوں گے ، محکمہ اوقاف مساجد میں اعلانات کروائے گا اور سکولوں میں آگاہی مہم چلائی جائے گی۔عمرانہ توقیر نے ہدایت کی کہ کسی بھی انکاری کیس پر ریونیو ڈیپارٹمنٹ فوری کارروائی کرے اور اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں روزانہ ریویو اجلاس منعقد کریں۔ اجلاس میں اے ڈی سی جنرل غلام مصطفی، اے سی وہاڑی احسن ممتاز، سی ای او ایجوکیشن ناصر عزیز، ڈی ایچ او ڈاکٹر فاضل، ڈی ڈی پی آر میاں نعیم عاصم، ڈبلیو ایچ او نمائندہ ڈاکٹر حسان حیدر سمیت دیگر افسران شریک ہوئے ۔