ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر سمجھوتہ برداشت نہیں‘ڈپٹی کمشنر
ڈویلپمنٹ کمیٹی اجلاس میں منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران انعم حفیظ نے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام اسکیموں پر کام تسلی بخش اور تیز رفتاری سے جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ترقیاتی منصوبے عوامی سہولت کے پیش نظر بروقت مکمل کرنے کیلئے تمام محکمے متحرک ہیں۔ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے اہداف جلد حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں استعمال ہونے والے مٹیریل کے معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر منصوبوں کا جائزہ لیں اور کسی بھی قسم کے مسائل کو فوری طور پر حل کریں تاکہ ترقیاتی رفتار برقرار رہے ۔