ملتان میں پارکوں کی تزئین و آرائش کا آغازکر دیا گیا
پی ایچ اے کی جانب سے میری گولڈ اور گل داؤدی کی تیاریاں تیزکر دی گئیں
ملتان (وقائع نگار خصوصی)پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے )ملتان کے زیر اہتمام شہر بھر کے پارکوں اور گرین بیلٹس میں تزئین و آرائش کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ عید گاہ گرین بیلٹ پر لگائی گئی پنیری میں رنگ برنگے پھول کھلنے لگے ہیں جس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ادارے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نومبر میں میری گولڈ (گیندے ) کی پنیری لگانے کے لئے پارکوں میں گوڈی اور چوکی کا عمل جاری ہے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ملتان کریم بخش نے کہا کہ نومبر اور دسمبر میں میری گولڈ اور گل داؤدی کے پھولوں سے پارکوں، گرین بیلٹس اور مرکزی شاہراہوں کو سجایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو جلد ہی رنگا رنگ پھولوں کی بہار دیکھنے کو ملے گی۔ڈی جی پی ایچ اے کے مطابق ادارے کے مالی شب و روز محنت کے ساتھ گل داؤدی اور دیگر موسمی پھولوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں تاکہ سردیوں کے موسم میں شہریوں کو خوشنما مناظر فراہم کئے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ اے ملتان شہریوں کو صحت مند اور خوبصورت ماحول فراہم کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہا ہے ۔