مدرسہ غوثیہ خانیوال میں سالانہ دستاربندی و عرس کی روحانی محفل
سجادہ نشین آستانہ گولڑہ شریف غلام نظام الدین اور نامور علمائے کرام کی شرکت فارغ التحصیل طلبہ کو دستاریں پہنائی اور علم و عمل میں ترقی کیلئے دعائیں کی گئیں
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)مدرسہ غوثیہ جامع العلوم مرکزی عیدگاہ سول لائن میں سالانہ جلسۂ دستاربندی و عرسِ مفتی محمد اشفاق احمد علیہ الرحمہ نہایت عقیدت و احترام سے منعقد ہوا۔ اجتماع میں علمائے کرام، مشائخ عظام، قراء، نعت خواں حضرات، اساتذہ، طلباء اور عاشقانِ اولیاء کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔تقریب میں سجادہ نشین آستانہ عالیہ گولڑہ شریف، فرزندِ نصیرِ ملت حضرت غلام نظام الدین نے خصوصی شرکت فرمائی۔ اس موقع پر مولانا مبین الدین برکات احمد چشتی، مفتی عبدالرزاق گولڑوی، سید طاہر ابرار شاہ، مولانا لیاقت حسین مظہری، مفتی جمیل احمد، قاری خادم حسین اور دیگر جید علمائے کرام بھی شریک تھے ۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، بعدازاں نعت رسول ؐ پیش کی گئی۔ غلام نظام الدین نے خطاب میں آدابِ مسجد اور مقامِ غوثِ اعظم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اولیاء کرام کی زندگیاں مشعلِ راہ ہیں۔ مولانا مبین الدین چشتی نے علمِ دین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مدارس ایمان کی بنیادیں ہیں۔اختتام پر فارغ التحصیل طلبہ کی دستاربندی کی گئی، انہیں مبارکباد دی گئی اور علم و عمل میں ترقی کی دعائیں کی گئیں۔