ڈینگی کے کیسز میں تشویشناک اضافہ، 12 مریضوں کی تصدیق

ڈینگی کے کیسز میں تشویشناک اضافہ، 12 مریضوں کی تصدیق

10 مریض صحتیاب، 2 زیر علاج، احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، سی ای او وہاڑی

وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی)ضلع وہاڑی میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ سامنے آیا ہے ۔ محکمہ صحت کے مطابق اب تک 13 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 12 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے ۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید نے بتایا کہ 10 مریض صحت یاب ہو کر ہسپتال سے ڈسچارج کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایک کنفرم اور ایک مشتبہ مریض ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔زیر علاج مریضوں میں ٹھینگی کا رہائشی تصور اور چک نمبر 28-ڈبلیو بی کا رہائشی علی حسن شامل ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق علی حسن میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ تصور کی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی۔ دونوں مریض بیرون ضلع ملازمت کرتے تھے ، علی حسن کراچی جبکہ تصور لاہور میں کام کرتے تھے ۔ڈاکٹر فہد وحید نے کہا کہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اسپرے اور سرویلنس جاری ہے ۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ گھروں، چھتوں اور اردگرد کے مقامات پر پانی جمع نہ ہونے دیں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ مچھروں کی افزائش کو روکا جا سکے ۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں نگرانی کا عمل تیز کر چکی ہیں اور تمام حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں