گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کی جائے ، خالد کھوکھر
وزیراعلیٰ 3500روپے من گندم کے نرخ پر نظرثانی کریں، صدر کسان اتحاد
ملتان (لیڈی رپورٹر)پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد محمود کھوکھر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ گندم کی امدادی قیمت 3500 روپے فی من مقرر کرنے کے فیصلے پر فوری نظرثانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب حکومتیں کسانوں کے مسائل پر سیاست کر رہی ہیں، جس سے زرعی شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے ۔پریس کلب ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث فصلوں کی ایکسپورٹ میں 35سے 40فیصد کمی افسوسناک ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سبزیوں کی قیمتوں کا نوٹس تو لے رہی ہیں مگر گندم کی امدادی قیمت پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ان کا کہنا تھا کہ کاشتکار آج اپنی گندم اوپن مارکیٹ میں فروخت نہیں کر سکتا۔ ارب پتیوں کی تنخواہیں بڑھائی جا رہی ہیں مگر کاشتکار کو اس کی محنت کا صلہ نہیں مل رہا۔ سیلاب اور بارشوں نے کسانوں کو شدید نقصان پہنچایا، مگر حکومت نے تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا۔خالد کھوکھر نے کہا کہ انڈیا میں کاشتکاروں کے نقصانات کا ازالہ کیا گیا۔