وہاڑی چیمبر اور نیشنل بینک کے درمیان مفاہمتی یادداشت طے
تاجروں کو ایس ایم ای فنانسنگ اور جدید مالیاتی سہولتوں کی فراہمی پر اتفاق
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور نیشنل بینک آف پاکستان وہاڑی برانچ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب نیشنل بینک برانچ میں منعقد ہوئی۔ صدر چیمبر حافظ محمود احمد شاد کی ہدایت پر نائب صدر چوہدری ذوالفقار علی نے چیمبر کی نمائندگی کرتے ہوئے یادداشت پر دستخط کیے ۔ اس موقع پر سابق صدر محمد غضنفر علی، سجاد احمد، محمد عثمان، محمد علی، اسماء بتول، غلام رسول اور سیکرٹری جنرل زاہد سعید بھی موجود تھے ۔ نیشنل بینک کی جانب سے جنوبی زون کے نیشنل بزنس ہیڈ محمد سائل عباس نے شرکاء کو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے ایس ایم ای فنانسنگ اسکیموں پر بریفنگ دی۔ ریجنل ہیڈ ضامن رضا، سید آصف عثمان اور نعیم عباس بھی شریک تھے ۔ مفاہمتی یادداشت کا مقصد تاجروں کو جدید مالیاتی سہولتوں کی فراہمی اور کاروباری ترقی کو فروغ دینا ہے ۔