زکریا یونیورسٹی:ڈین فیکلٹی آف سائنسز کیخلاف انکوائری شروع
اینٹی کرپشن حکام نے 20کروڑ کی مبینہ کرپشن پر فریقین کو آج طلب کرلیا
ملتان (خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف سائنسز، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف فزکس، ممبر سنڈیکیٹ اور یونیورسٹی ٹیچرز فورم کے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ اینٹی کرپشن حکام نے فریقین کو آج 6 نومبر کو طلب کرلیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایڈووکیٹ رانا محمد اسلم نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب کو درخواست جمع کرائی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ڈاکٹر محمد جاوید نے اپنے بااثر عہدوں اور سیاسی تعلقات کا استعمال کرتے ہوئے تقریباً 20 کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن کی۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ان کے زیر انتظام 14 محکموں میں مختلف اشیاء کی خریداری شفاف طریقہ کار کے بغیر کی گئی۔ خریداری کے تمام آرڈرز خود ڈاکٹر جاوید نے تیار کئے ، جبکہ یونیورسٹی کے ایک ملازم رانا محمد مقیت کو ٹھیکیدار بنا دیا گیا، جس کے ذریعے تمام خریداری کی گئی۔ الزام کے مطابق خریدا گیا سامان متعلقہ محکموں کو کبھی فراہم نہیں کیا گیا اور ادائیگیاں نقد یا گھریلو سامان کی شکل میں کی گئیں۔ذرائع کے مطابق تمام دستاویزات پر ڈاکٹر جاوید کے دستخط موجود ہیں، اور سٹاک رجسٹر ان کے قبضے میں تھا۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ فیکلٹی اور عملے کے بعض ارکان ان بے ضابطگیوں سے واقف ہیں اور بطور گواہ پیش ہوسکتے ہیں۔اینٹی کرپشن حکام نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ریکارڈ قبضے میں لینے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے معاملے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔