زکریا یونیورسٹی کے فارم ڈی پرچے واٹس ایپ پر وائرل
بیرونی ممتحن نے طلبہ کے پرچوں پر طنزیہ تبصرے کئے ، کارروائی کا مطالبہ
ملتان (خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی میں فارم ڈی پروگرام کے پرچے واٹس ایپ پر وائرل ہونے سے طلبہ و طالبات میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی کے سالانہ سسٹم کے تحت فارم ڈی کے پرچے گوجرانوالہ کی ایک خاتون بیرونی ممتحن، مس سمن، کو چیکنگ کے لئے بھجوائے گئے تھے ۔ذرائع کے مطابق ممتحن نے چیکنگ کے دوران بعض پرچوں کی تصاویر اپنے واٹس ایپ سٹیٹس پر لگا دیں اور ان پر طنزیہ تبصرے تحریر کئے ۔ ان پوسٹس میں طلبہ کی غلطیاں، نامکمل جوابات اور ناقص ڈایاگرامز کا مذاق اڑایا گیا، جو جلد ہی یونیورسٹی کے طلبہ میں وائرل ہوگئیں۔طلبہ کا کہنا ہے کہ یہ عمل نہ صرف امتحانی سیکریسی کی خلاف ورزی ہے بلکہ یونیورسٹی کے ضابطہ اخلاق کے بھی منافی ہے ۔ انہوں نے وائس چانسلر سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا نوٹس لیا جائے اور متعلقہ ممتحن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں کسی طالبعلم کی تحریر یا شناخت کا اس طرح تمسخر نہ اڑایا جا سکے۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ نے واقعے کی ابتدائی انکوائری شروع کر دی ہے اور شعبہ امتحانات سے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے ۔