میپکو اور رینجرز کا بجلی چوروں و نادہندگان کیخلاف آپریشن

میپکو اور رینجرز کا بجلی چوروں و نادہندگان کیخلاف آپریشن

11کنکشن منقطع، 2لاکھ 10ہزار واجبات وصول، غیرقانونی استعمال بے نقاب

ملتان(خصوصی رپورٹر)سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولپور سرکل ملک یعقوب احمد اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں سیٹلائٹ ٹاؤن سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا گیا۔ایکسین ماڈل ٹاؤن ڈویژن اور ایس ڈی او سیٹلائٹ ٹاؤن سب ڈویژن کی سربراہی میں میپکو، رینجرز اور پولیس کی ٹیموں نے حسینی چوک، بستی قنوان، بستی رشید آباد، بستی ریاض گرواں، بستی حنیف چنڑ، بستی کرم پور، بستی ماہی وال، بستی بھاٹیاں، بستی ماڑی قاسم شاہ اور بستی ساون میں کارروائیاں کیں۔ لاکھوں روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 11نادہندگان کے کنکشن منقطع کر دیئے گئے ، میٹرز اور 300فٹ ایل ٹی کیبل اُتار لی گئی جبکہ 2لاکھ 10ہزار روپے واجبات وصول کر لئے گئے۔ دوسری جانب سرکل سرویلنس ٹیم نے ستلج سب ڈویژن کے علاقے میں بجلی کے غیر قانونی استعمال کا بڑا کیس پکڑ لیا۔ چیکنگ کے دوران کمرشل کیٹیگری میں ‘‘دی فوڈ ویب اینڈ کیفے ’’ اور ایک بوائز ہاسٹل میں گھریلو میٹرز سے ہیوی لوڈ چلایا جا رہا تھا۔ یزمان سیکنڈ سب ڈویژن کے علاقے میں ایک میٹر ٹمپرڈ پایا گیا ۔جس کی نیم پلیٹ پر سکریچ ڈالے گئے تھے ۔ ٹیم نے موقع سے میٹر اُتار کر فرانزک تجزیے کیلئے ایم اینڈ ٹی لیبارٹری بھجوا دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں