پنجاب حکومت نے ملتان ایونیو منصوبہ کی منظوری دے دی
9کلومیٹر شاہراہ کا سنگ بنیاد،2ارب 89کروڑ 79لاکھ لاگت آئیگی ، کمشنر عامر کریم
ملتان(وقائع نگار خصوصی) وزیراعلیٰ نے ملتان کے شہریوں کیلئے ترقی اور سہولت کا ایک اور بڑا منصوبہ منظور کرلیا۔ پنجاب خوشحال، سڑکیں بحال پروگرام کے تحت ملتان ایونیو کے جدید منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے ، جو شہر کی خوبصورتی، ٹریفک کے نظام اور کاروباری سرگرمیوں میں نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے سیدان والا چوک سے سہو چوک تک 9 کلومیٹر طویل شاہراہ کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتان ایونیو شہر کا پہلا جدید طرزِ تعمیر کا منصوبہ ہے جو شہری سہولت اور کاروباری ترقی کا ضامن ہوگا۔عامر کریم خاں کے مطابق منصوبے کی لاگت 2 ارب 89کروڑ 79 لاکھ روپے ہے ، جسے 30 جون 2026 تک مکمل کیا جانا ہے ، تاہم محکمہ ہائی ویز کو ہدایت دی گئی ہے کہ یہ منصوبہ 23 مارچ 2026 تک مکمل کر لیا جائے ۔منصوبے کو 8 پیکجز میں تقسیم کر کے 3 کنٹریکٹرز کے ذریعے بیک وقت تعمیراتی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ منصوبے میں 206اسٹریٹ لائٹس، 34 یادگاریں، 50سمارٹ پارکنگ ایریاز، 8.5 کلومیٹر سروس لین، 5کلومیٹر پارکنگ ایریا، 14.5 فٹ چوڑا اربن گرین کوریڈور، سنٹرل میڈین، واک ویز، آر سی سی ڈرین کم فٹ پاتھ، لینڈ سکیپنگ اور جدید لائٹنگ سسٹم شامل ہیں۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ یہ منصوبہ پنجاب کو ترقی، صفائی اور جدید شہری سہولیات سے آراستہ بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔