مساجد سروے فارم مسترد کرتے ہیں، حافظ نصیر احرار
کسی بھی سرکاری وظیفے کو سرکار کی شرائط پر قبول نہیں کریں گے : خطاب
ماہڑہ (نامہ نگار) جمعیۃ علماء اسلام صوبہ پنجاب کے سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار نے کہا ہے کہ ہم حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ مساجد سروے فارم کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ آئمہ و خطباء مساجد کسی بھی سرکاری وظیفے کو سرکار کی شرائط پر قبول نہیں کریں گے ۔ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دینی مدارس اور مساجد جمعیۃ علماء اسلام اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی پالیسیوں کے تابع ہیں، ان کی خود مختاری میں کسی بھی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت سرکاری افسروں کے ذریعے مساجد کے آئمہ و خطباء کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہی ہے جو ناقابلِ قبول ہے ۔ حکومت اگر واقعی علماء و مساجد کے ساتھ مخلص ہے تو انہیں بجلی و گیس کے بلوں میں مکمل ریلیف دے اور علماء کو باعزت سرکاری مناصب پر فائز کرے تاکہ انہیں قانونی اور باوقار روزگار حاصل ہو۔