مویشی منڈیوں کی کڑی نگرانی، انتظامیہ متحرک

مویشی منڈیوں کی کڑی  نگرانی، انتظامیہ متحرک

ملتان (وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں اور آر پی او محمد عثمان گوندل نے ماڈل مویشی منڈی موضع جنگل جسونت سنگھ، مختلف سیل پوائنٹس اور انتظامات کا ہنگامی دورہ کیا۔۔

 اور سکیورٹی، صفائی، ٹریفک، اوورچارجنگ اور شہری سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے مویشی منڈیوں کی کڑی مانیٹرنگ کا خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے اور انتظامیہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے متحرک ہے ۔ کمشنر عامر کریم خاں نے سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ بیوپاریوں اور شہریوں سے براہ راست گفتگو بھی کی۔ بیوپاریوں کے مسائل سن کر کمشنر عامر کریم خاں نے متعلقہ حکام کو اصلاحی اقدامات کی ہدایت جاری کی۔کمشنر عامر کریم خاں نے منڈی میں قائم موبائل ہسپتال، موبائل بینکنگ سروسز اور دیگر سہولت پوائنٹس کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈویژنل انتظامیہ عیدالاضحیٰ پر شہریوں کو مذہبی فریضے کی ادائیگی کیلئے بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے متحرک ہوگئی۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے آر پی او محمد عثمان گوندل کے ہمراہ ستھرا پنجاب آفس کا دورہ کیا جہاں ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ عید کے تینوں روز صفائی آپریشن مثالی نظر آنا چاہیے کیونکہ حکومت پنجاب اس آپریشن کو براہ راست مانیٹر کرے گی۔ ا صفائی اور نکاسی آب کو شہر کا اہم ترین مسئلہ قرار دیتے ہوئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو بھرپور استعداد کار کے ساتھ کام کرنے اور شہری شکایات کے فوری ازالے کیلئے ریسپانس ٹائم کم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ عامر کریم خاں نے آر پی او محمد عثمان گوندل کے ہمراہ سیف سٹی آفس ملتان کا دورہ کیا جہاں عیدالاضحیٰ کے دوران سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی آپریشن اور شہر بھر کی مانیٹرنگ بارے بریفنگ دی گئی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر لاکھوں شہری گھروں، مویشی منڈیوں، مساجد اور مختلف عوامی مقامات پر موجود ہوتے ہیں، اس لیے سیف سٹی کا مؤثر اور فعال کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں