مویشی منڈیوں میں جعلی نوٹوں اور نوسربازی کا انکشاف
خریداری مراکز میں جعلساز سرگرم ،شہریوں کو لاکھوں کا نقصان ، کارروائی کا مطالبہ
وہاڑی ( نمائندہ خصوصی ) عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ خریداری مراکز اور مویشی منڈیوں میں مبینہ طور پر جعلی نوٹ چلانے اور نوسربازی کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ جعلساز شہریوں اور بیوپاریوں کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے میں مصروف ہیں۔ شہریوں کے مطابق عید قریب آتے ہی مویشی منڈیوں اور شاپنگ سینٹرز میں رش بڑھنے کے باعث جعلساز سرگرم ہو جاتے ہیں۔ لین دین کے دوران بعض افراد مہارت سے جعلی نوٹ تھما دیتے ہیں جس کا علم بعد میں بینک یا کرنسی چیکنگ مشین پر ہوتا ہے ۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ روزانہ بڑے پیمانے پر لین دین کے باعث ہر نوٹ کی جانچ ممکن نہیں رہتی جس کا فائدہ جعلساز اٹھا رہے ہیں۔ بعض دکانداروں کو ہزاروں روپے کے جعلی نوٹ موصول ہوئے جنہیں بینکوں نے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مویشی منڈیوں اور بازاروں میں خصوصی ٹیمیں تعینات کر کے ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے ۔