جامعات میں بوائے سکاؤٹس موومنٹ فعال بنانے کی ہدایت
طلبہ کی کردار سازی کیلئے سمر کیمپس پروگرام میں شرکت یقینی بنانے کا حکم
ملتان (خصوصی رپورٹر)گورنر پنجاب سیکرٹریٹ نے صوبے کی تمام سرکاری و نجی جامعات کو بوائے سکاؤٹس موومنٹ فعال بنانے اور طلبہ کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی۔گورنر پنجاب سیکرٹریٹ کی جانب سے صوبے کی تمام سرکاری اور نجی جامعات کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنے اداروں میں بوائے سکاؤٹس موومنٹ کو باقاعدہ طور پر فعال اور منظم کریں۔جاری مراسلے کے مطابق یونیورسٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ طلبہ اور فیکلٹی ارکان کی پنجاب بوائے سکاؤٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی سرگرمیوں میں شرکت یقینی بنائی جائے ۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب بوائے سکاؤٹس ایسوسی ایشن نوجوان نسل کی کردار سازی، روحانی، فکری، جسمانی، سماجی اور جذباتی تربیت کیلئے فعال کردار ادا کر رہی ہے ۔ اسی مقصد کے تحت مری ہلز میں واقع پنجاب بوائے سکاؤٹس سمر ٹریننگ سینٹر گھوڑا گلی میں سمر کیمپس پروگرام 2026 کا آغاز کر دیا گیا ہے ، جو سال بھر جاری رہے گا۔تمام وائس چانسلرز اور ریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی جامعات میں اس تحریک کو فروغ دیں اور اساتذہ و طلبہ کی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ نوجوانوں کی مثبت تربیت اور قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے ۔