ملتان میں سیوریج منصوبوں پر 73 فیصد کام مکمل
ملتان (وقائع نگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن \\\"معیاری سیوریج، صاف پنجاب\\\" کے تحت ملتان میں سیوریج اور نکاسی آب کے میگا پراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے ، جبکہ پی ڈی پی فیز ون کے تحت 73 فیصد ترقیاتی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
واسا ملتان کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کے کریٹیکل کمپوننٹ کے تحت جاری سیوریج اور نکاسی آب کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ، اور اب تک 73 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔جاری منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ بیرسٹر سلطان باجوہ نے ملتان کے مختلف ترقیاتی سائٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا فیصل شوکت نے انہیں منصوبوں کی پیشرفت، مون سون تیاریوں اور عیدالاضحیٰ انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ 25.8 ارب روپے کی لاگت سے شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج اور نکاسی آب کے بڑے منصوبے جاری ہیں، جن کی تکمیل کی آخری تاریخ 30 جون 2026 مقرر کی گئی ہے ۔ منصوبے کے تحت پرانی سیوریج لائنوں کی تبدیلی، نئی لائنوں کی تنصیب اور ڈسپوزل اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن شامل ہے ۔ایم ڈی واسا کے مطابق نشتر روڈ، پیر خورشید کالونی، گلگشت، سورج کنڈ روڈ اور دیگر علاقوں میں متعدد نئی سیوریج لائنوں کا کام مکمل کیا جا چکا ہے ، جبکہ مختلف علاقوں میں ڈسپوزل اسٹیشنز کی تعمیر و بحالی تیزی سے جاری ہے ۔بیرسٹر سلطان باجوہ نے جہانگیر آباد ڈسپوزل اسٹیشن کا معائنہ کرتے ہوئے کام کے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں۔