سرکاری شخصیات کا ایس او ایس ولیج کا دورہ،انتظامات کا جائزہ
ملتان (لیڈی رپورٹر)سماجی و سرکاری شخصیات نے ایس او ایس ولیج ملتان کا دورہ کیا، جہاں یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت، تعلیم اور صحت کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔۔۔۔
سماجی رہنما اظہر بلوچ کے ہمراہ ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب عارف انور بلوچ، محمود جاوید بھٹی اور ایڈوائزر وفاقی محتسب انشورنس خواجہ سلیم رضا آصف نے ایس او ایس ولیج ملتان کا دورہ کیا۔اس موقع پر ولیج ڈائریکٹر کامران یوسف نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایس او ایس ولیج گزشتہ 25 سال سے ملتان میں یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں خدمات انجام دے رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ادارہ بچوں کو گھر جیسا ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ان کی بہتر تعلیم و تربیت کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔ ، جبکہ مختلف سماجی شخصیات بھی اس کی سرپرستی میں کردار ادا کر رہی ہیں۔وفد کے ارکان نے دورے کے بعد اپنے تاثرات میں کہا کہ ایس او ایس ولیج کے انتظامات قابلِ تحسین ہیں اور یہاں بچوں کو محفوظ اور مثبت ماحول فراہم کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ بچے تعلیم مکمل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے ۔وفد نے سماجی رہنما اظہر بلوچ اور دیگر شخصیات کی خدمات کو بھی سراہا اور ادارے کے کردار کو معاشرے کیلئے ایک روشن مثال قرار دیا۔