امن کمیٹی : پرامن ماحول برقرار رکھنے پر مکمل اتفاق
علما اور کمیٹی ممبران نے ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروادی
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی، امن و امان اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ علی سمیر نے کی۔ اجلاس میں علمائے کرام، امن کمیٹی کے اراکین، پولیس افسران اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے دوران امن و امان، سکیورٹی انتظامات، مویشی منڈیوں کی نگرانی، ٹریفک مینجمنٹ اور شہری سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ علمائے کرام اور کمیٹی ممبران نے ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور امن و بھائی چارے کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ عید کے موقع پر امن و امان کا قیام اور شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ، جبکہ حساس مقامات کی نگرانی، فیلڈ میں موجودگی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔