بی زیڈ یو، وی سی کی غیر حاضری، مالی بحران شدید
ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال غوری گزشتہ ڈیڑھ ہفتے سے ڈیوٹی پر غیر حاضر ہیں، جس کے باعث انتظامی و مالی امور شدید متاثر ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وائس چانسلر 13 مئی کی شام سے پراسرار طور پر ڈیوٹی سے غیر حاضر ہیں اور تاحال کسی بھی دفتر یا عملے سے ان کا رابطہ نہیں ہو سکا۔ عموماً وہ ہفتہ وار چھٹیوں کے بعد پیر کے روز دفتر آ جاتے تھے ، تاہم اس بار مسلسل غیر حاضری برقرار ہے ۔یونیورسٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاک اور اہم فائلیں بھی تعطل کا شکار ہیں جبکہ مالی امور بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ خزانہ دار کی مدت مکمل ہونے کے باعث ادائیگیوں کا نظام پہلے ہی متاثر تھا، تاہم وی سی کی منظوری نہ ہونے کے باعث ڈیلی ویجز ملازمین اور ٹھیکیداروں کے بلز بھی رکے ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق خزانہ دار کے پاس ادائیگی کی باقاعدہ اختیارات نہیں، اس لئے تمام مالی منظوری وائس چانسلر کی سطح پر ضروری ہوتی ہے ۔ ان کی عدم موجودگی کے باعث تمام بلز التوا کا شکار ہیں۔ادھر یونیورسٹی 25 سے 28 مئی تک بند رہنے کے بعد یکم جون سے دوبارہ کھلے گی، تاہم اس دوران عیدالاضحیٰ بھی آ رہی ہے ، جس سے ڈیلی ویجز ملازمین اور ٹھیکیدار شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔متاثرہ ملازمین نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے اور فوری طور پر مالی بحران حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔