میپکو کا نئے کنکشنز اور خراب میٹرز کی تبدیلی کا فیصلہ
ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے 30 اپریل 2026 تک ڈیمانڈ نوٹسز کی ادائیگی کرنے والے صارفین کو نئے کنکشنز فراہم کرنے اور سرکاری اداروں کے خراب میٹرز تبدیل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ اپریل 2026 کے اختتام تک ادائیگی کرنے والے گھریلو اور کمرشل صارفین کو کنکشنز کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ اس مقصد کے لئے 2614 سنگل فیز میٹرز، 26140 میٹر پی وی سی تار اور 550 تھری فیز اے ایم آئی/سمارٹ میٹرز فراہم کئے گئے ہیں۔ڈائریکٹر میٹریل مینجمنٹ میپکو ملک جاوید اقبال وینس کی جانب سے جاری ایلوکیشن کے مطابق 2508 سنگل فیز اے ایم آئی میٹرز اور 106 کمرشل میٹرز مختلف سرکلز کو فراہم کئے گئے ہیں۔
ملتان، ڈی جی خان، وہاڑی، بہاولپور، ساہیوال، رحیم یار خان، مظفرگڑھ، بہاولنگر اور خانیوال سرکلز میں میٹرز اور پی وی سی تار کی تقسیم کی گئی ہے ۔سرکاری اداروں کے خراب اور جلنے والے میٹرز کی تبدیلی کے لئے ملتان اور بہاولپور سرکل کو 100،100 تھری فیز اے ایم آئی میٹرز جبکہ دیگر سرکلز کو 50،50 میٹرز فراہم کئے گئے ہیں۔