عیدالاضحیٰ پر مثالی صفائی آپریشن کی تیاریاں مکمل
12ہزار ٹن آلائشیں ٹھکانے لگانے کا ہدف، بیگز کی تقسیم شروع، شہریوں کو آلائشیں مخصوص بیگز میں ڈال کر ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے کرنے ،صفائی میں تعاون کی اپیل ماحول کو آلودگی سے بچانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں متحرک، ایام عید میں خصوصی آگاہی کیمپس قائم کئے جائیں گے ، لینڈ فل سائٹس پر خندقوں کی کھدائی مکمل کرلی گئی
ملتان (سٹاف رپورٹر )ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر اولیاء میں مثالی صفائی کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلیں ہیں ضلع ملتان میں عید کے تین روز کے دوران 12 ہزار ٹن سے زائد قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کا ہدف مقرر کردیا گیا ہے ۔ عیدالاضحیٰ پر آلائشوں کی محفوظ تلفی یقینی بنانے کیلئے بائیوڈیگریڈیبل بیگز کی تقسیم کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جبکہ شہر بھر کے گلی محلوں میں شہریوں کو مفت بائیوڈیگریڈیبل بیگز فراہم کئے جارہے ہیں۔ سی ای او ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ذوالفقار احمد نے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی انتظامات کا جائزہ لیا اور شہریوں میں خود بائیوڈیگریڈیبل بیگز تقسیم کئے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو محفوظ انداز میں ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی مہم جاری ہے اور شہری قربانی کے فوری بعد آلائشیں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے فراہم کردہ بیگز میں ڈالیں۔
انہوں نے اپیل کی کہ شہری آلائشوں سے بھرے بیگز نزدیکی کنٹینرز اور کوڑا دان میں ڈالیں تاکہ بروقت تلفی ممکن بنائی جاسکے۔ سی ای او ذوالفقار احمد نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر شہر کو صاف ستھرا اور ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کیلئے انتظامیہ متحرک ہے جبکہ صفائی آپریشن کو مؤثر بنانے کیلئے فیلڈ ٹیمیں اور عملہ مکمل طور پر فعال کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے صفائی عملے کے ساتھ تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے نمایاں مقامات پر عید ایام کے دوران خصوصی آگاہی کیمپس قائم کئے جائیں گے جہاں بلا معاوضہ شاپرز کی فراہمی کے ساتھ صفائی شکایات بھی درج کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحول کی بہتری کیلئے لینڈ فل سائٹ پر خصوصی خندقوں کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جہاں عید کے تینوں ایام میں آلائشوں کو محفوظ انداز میں دفن کیا جائے گا۔ سی ای او ذوالفقار احمد نے کہا کہ شہری صفائی سے متعلق شکایات خصوصی کنٹرول روم نمبر 1139 پر درج کرا سکتے ہیں۔