ٹائیفائیڈ کے تدارک آج سے 12 روزہ مہم ,4 لاکھ 20 ہزار بچوں کو ٹیکے لگائے جائینگے
مہم کو کامیاب بنانے کیلئے 240 ٹیمیں تشکیل،ٹیمیں ہر محلہ میںموجود ہوں گی والدین وہاں جا کر اپنے بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگوائیں گے ،تمام 41یونین کونسلز میں ڈاکٹر ز بھی موجود رہیں گے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلع سرگودہا میں موذی بیماری ٹائیفائیڈ کے تدارک کے لئے 12 روزہ مہم 14جون سے 26 جون تک چلائی جائے گی۔ مہم 9ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے 4لاکھ 20ہزار 693 بچوں کو ٹائیفائیڈسے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے ۔ اس امر کا انکشاف ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر کی زیر صدارت مہم کو کامیاب بنانے کیلئے منعقدہ جائزہ اجلاس میں کیاگیا ۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی بلال فیروز جوئیہ سمیت محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی ۔ تحصیل سرگودہا کی 28 یونین کونسلز بھلوال کی 4’ کوٹ مومن ’ بھیرہ ’ شاہ پور او رساہیوال کی دو ’ دو جبکہ سلانوالی کی ایک یونین کونسل میں بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے ۔ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے 240 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں سے 216 ٹیمیں ہر محلہ میں ایک جگہ پر موجود ہوں گی اور والدین وہاں اپنے بچوں کو لے جاکر ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگوائیں گے ۔ 26 ٹیمیں محکمہ صحت کے فیکسڈ مراکز پر دستیاب ہوں گی، مہم کیلئے 54یو سی ایم اوز کے علاوہ ان تمام 41یونین کونسلز میں ڈاکٹر ز بھی موجود رہیں گے ۔