چک نمبر 47 شمالی کے قبرستان میں جانور باندھ دئیے گئے

چک نمبر 47 شمالی کے قبرستان میں جانور باندھ دئیے گئے

قبروں کی بے حرمتی ،قبضہ گروپ نے دکانیں بنا رکھی ہیں ، تدفین میں مشکلات

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) چک نمبر 47 شمالی میں واقع بد حالی کا شکار قبرستان قبضہ مافیا کے نرغے میں ہے اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ قبرستان کے ارد گرد چار دیواری نہ ہونے کی وجہ سے یہاں پر آوارہ جانوروں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، اس کے علاوہ کئی بااثر افراد نے اپنے پالتو جانور بھی اسی قبرستان میں باندھ رکھے ہیں جن کی وجہ سے قبروں کی بے حرمتی کے علاوہ قبریں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ مناسب لائٹ نہ ہونے کی وجہ سے رات کو تدفین مشکل ہو گئی، رات کو تدفین کیلئے آنے والوں کو اندھیرے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہوتا ہے ، مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے نشہ کے عادی افراد نے پانی کے لئے لگائے گئے ہینڈ پمپس کی ہتھیاں اتار لی ہیں، جس کی وجہ سے پانی کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے ۔ جنازہ گاہ مکمل طور پر نشہ کے عادی افراد کی آماجگاہ بن چکی ہے ۔ جنازہ گاہ کیلئے لگائے گئے بجلی کے میٹر سے کئی گھروں نے بجلی کا کنکشن لگا رکھا ہے ، قبضہ گروپ نے ناجائز قبضہ کر کے پھلوں اور روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی دکانیں بنا رکھی ہیں،قبرستان انتظامیہ نے پابندی کے باوجود قادیانیوں کی تدفین کی بھی اجازت دے رکھی ہے جس پر لوگوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ،اہل علاقہ نے ارباب اختیار سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں