بکرمنڈی چوک :سیوریج کا پانی ، علاقے کے لوگوں کو مشکلات
پائپ لائن دو جگہ سے پھٹی ہوئی ہے جس سے چوک میں مسلسل پانی ابل رہا ہے
سرگودھا(نامہ نگار)فیکٹری ایریا کے بکرمنڈی چوک میں انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی کے باعث سیوریج کا کھڑا پانی آمد و رفت میں رکاوٹ کے ساتھ ساتھ اطراف کی آبادیوں کیلئے مشکلات کا سبب بنا ہوا ہے ، جبکہ رہی سہی کسر حالیہ بارش نے پوری کر دی جس کے باعث لوگ دوہری اذیت کاشکار ہو کر رہ گئے ہیں علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پائپ لائن دو جگہ سے پھٹی ہوئی ہے ،جس کی وجہ سے چوک میں مسلسل پانی ابل رہا ہے ، میٹروپولیٹن کارپوریشن حکام سے بھی رجوع کر چکے ہیں ،جو فنڈز کی عدم دستیابی کا رونا رو روہے ہیں،اور حکام بالا کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث کئی روز سے لوگوں کو اسی صورتحال کا سامنا ہے ،جو کہ حالیہ بارش نے مزید گھمبیر بنا دی ہے ،افسران کہتے ہیں کہ محکمہ کے پاس کوئی فنڈ نہیں لوگ اپنی مدد آپ لائنوں کی مرمت کا کام کروائیں، جبکہ لوگوں میں اتنی سکت نہیں، سڑک پر کھڑا پانی مچھروں کی افزائش اور بیماریاں پھیلانے کا موجب بننے لگا ہے انہوں نے کمشنر سرگودھا سے فوری نوٹس لے کر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔