کرپشن، پیڈ ایکٹ کے تحت انکوائریاں منطقی انجام تک نہ پہنچنے پر تشویش
مختلف اضلاع کے انتظامی دفاتر کے ساتھ ساتھ تعلیم،صحت اور دیگر محکموں میں سینکڑوں انکوائریاں مسلسل التوا کا شکار ہیں،حکومت کی طرف سے کمشنر و ڈپٹی کمشنر کو مستقل بنیادوں پر ان کیسز کو مقررہ وقت میں نمٹانے کی ہدایات جاری
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)حکومت نے سرگودھا سمیت پنجاب بھر میں محکمانہ بے ضابطگیوں و مالی کرپشن پر پیڈا ایکٹ کے تحت شروع ہونیوالی انکوائریوں کو منطقی انجام تک بروقت نہ پہنچانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریکارڈ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کرتے ہوئے سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت جاری کی ہے ، سروسز اینڈجنرل ایڈمنسٹریشن کے ریگولیشن ونگ کی جانب سے آگا ہ کیا گیا کہ سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع کے انتظامی دفاتر کے ساتھ ساتھ تعلیم،صحت اور دیگر محکموں میں مجموعی طور پر سینکڑوں انکوائریاں مسلسل التوا کا شکار ہیں ،اس ضمن میں صوبائی مانیٹرنگ سیل کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے طوالت کی وجوہات میں بتایا گیا کہ اکثر انکوائریوں پرمتعلقہ معیار کے آفیسرز تعینات نہیں کئے گئے ،عدالتوں میں جانیوالے ایسے کیسز کی مناسب پیروی نہیں کی جا رہی ،جبکہ متعلقہ ڈویژنل و ضلعی اتھارٹیز اس حوالے سے کسی قسم کا چیک اینڈ بیلنس نہیں رکھتیں،اسی طرح دیگر وجوہات کی نشاندہی کرتے ہوئے گائیڈ لائن میں ہدایت جاری کی گئی کہ کمشنر و ڈپٹی کمشنر مستقل بنیادوں پر ان کیسز کو مقررہ وقت میں نمٹانے کیلئے ہنگامی اقدام اٹھاتے ہوئے قابل اور ایماندار انکوائری آفیسر تعینات کریں، اور ماہانہ ریویو کی رپورٹ ارسال کریں۔