سروس روڈز پر بنائے گئے غیرقانونی سائیکل سٹینڈز کے خلاف تاحال کارروائی نہ ہوئی
ٹاؤن، یونیورسٹی روڈ سمیت شہر کے مشہور مراکز میں ٹریفک جام رہنا معمول ،پلازوں میں پارکنگ بنانے کے احکامات کے باوجود شہریوں سے سروس روڈزپر گاڑیاں پارک کروائی جاتی ہیں ،حکام سے نوٹس کا مطالبہ
سرگودھا(نامہ نگار)شہر کی اہم شاہرات پر قائم سروس روڈ پر بنائے گئے غیر قانونی سائیکل سٹینڈز کے خلاف تا حال کوئی کارروائی نہیں کی جا سکی۔ جسکی وجہ سے سیٹلائٹ ٹاؤن، یونیورسٹی روڈ سمیت شہر کے مشہور مراکز میں ٹریفک جام ہونے کے واقعات روز کا معمول بن گئے ہیں۔ انتظامیہ حالات کو کنٹرول کرنے کی بجائے صرف کاغذوں کا پیٹ بھرنے لگی ہے ، شہر کی مشہور شاہرات پر بنائی گئی سروسز روڈز پر قائم قبضہ گروپ کے غیر قانونی سائیکل سٹینڈز کی وجہ سے مین روڈز پر ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ہے ۔ سیٹلائٹ ٹاؤن سمیت یونیورسٹی روڈ وغیرہ پر قائم سروس روڈز پر قبضہ گروپ نے غیر قانونی پارکنگ اور سائیکل سٹینڈ بنائے ہوئے ہیں۔ شہر کے اہم پلازوں میں قانونی طور پر پارکنگ بنانے کے احکامات کے باوجود انڈر گراؤنڈ پرانے برائے نام پارکنگ کی وجہ سے شہریوں کو سروس روڈز یا پلازوں کے باہر سڑک پر گاڑیاں پارک کروائی جاتی ہیں ۔اس صورتحال کی وجہ سے شہری بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، کمشنر اور وزیر اعلیٰ کو اس اہم مسئلہ کو فوری حل کرنے کی اپیل کی ہے ۔