نکاسی آب سسٹم غیر فعال ، کندیاں آدھا شہر پانی میں ڈوب گیا

 نکاسی آب سسٹم غیر فعال ، کندیاں آدھا شہر پانی میں ڈوب گیا

بیشتر سڑکیں ،گلیاں،محلے تالابوں کامنظر پیش کرنے لگے ، مچھروں کی افزائش کا خطرہ

کندیاں(نمائندہ دنیا)کندیاں کروڑوں روپے کے ترقیاتی فنڈز کو بروئے کار لانے کے باوجود نکاسی آب کا سسٹم فعال نا ہوسکا گزشتہ روز کی بارش کے بعد آدھا شہر پانی میں ڈوب گیا علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تحصیل انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی کے باعث کروڑوں کے فنڈز کو استعمال میں لانے کے باوجود گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد شہر کی بیشتر سڑکیں ،گلیاں،محلے تالابوں کامنظر پیش کرنے لگے نکاسی آب کا موئثر نظام نا ہونے کی وجہ سے بارش اور سیوریج کا پانی شہریوں کے گھروں میں داخل ہوگیا جب کہ کندیاں بوائز ہائی سکول کے اطراف کی گلیوں میں تین تین فٹ پانی جمع ہونے سے سٹوڈنٹس،اساتذہ اور دیگر سٹاف سکول میں محصور ہو کر رہے گئے چوک قریشاں سے فجرو چوک مین بازار دو سے تین فٹ تک پانی دوکانوں میں داخل ہونے سے دکانداروں کو ہزاروں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا جب کہ شہر کی مرکزی شاہراہوں،گلیوں، محلوں میں نکاسی آب کا مربوط نظام نا ہونے کی وجہ سے شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے مختلف علاقوں میں بارش کے کھڑے پانی کی وجہ سے مچھروں اورمکھیوں کی افزائش میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکاہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں