وزارت مذہبی امور کی مزاروں پر رکھے کیش بکس میں مبینہ خورد برد کی شکایات پر تشویش
چاروں اضلاع کے اوقاف افسروں کو باکسوں کی نگرانی کیلئے اقدامات مکمل کرکے روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ شروع کرنے کی ہدایت ،اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج ہونے کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)وزارت مذہبی امور نے مزاروں پر رکھے ہوئے کیش بکس میں مبینہ خورد برد کی شکایات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چاروں اضلاع کے اوقاف افسروں سے کہا ہے کہ مزاروں پر رکھے گئے باکسوں کی نگرانی کیلئے اقدامات مکمل کرکے روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کا سلسلہ شروع کیا جائے ۔ذرائع کے مطابق سرگودھا ڈویژن میں مجموعی طور پر 65خانقاہیں اور سینکڑوں آستانے ہیں،جن میں سے محض چند ایک رجسٹرڈ جبکہ زیادہ تر غیر رجسٹرڈ درباروں کی ہے ، ان درباروں کے مالی معاملات کا نہ تو کبھی آڈٹ ہوا اور نہ ہی محکمہ اوقا ف کسی قسم کی مداخلت کرتا ہے ،صورتحال کے باعث بالخصوص چھوٹے درباروں پر مبینہ طور پر جعلی باکس رکھ کر مخصوص لوگ چندہ کی رقوم ہڑپ کرنے میں مصروف ہیں جس پر محکمہ اوقاف کے افسروں کو ان گھپلوں کو روکنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر باکسوں کی چیکنگ کا حکم دیا گیاہے ،یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سلسلہ میں اینٹی کرپشن سرگودھا میں مقدمہ کے اندراج کے بعد تاحال کوئی مثبت پیش رفت سامنے آئی اور نہ ہی حکومتی رٹ کا قیام عمل میں لایا جا سکا۔