پلاٹ نیلام کر کے ماڈل ٹاؤن کو بہتر ین بنایا جائیگا،ممتاز کاہلوں

 پلاٹ نیلام کر کے ماڈل ٹاؤن کو بہتر ین بنایا جائیگا،ممتاز کاہلوں

ایک ہفتہ کے اندر بجلی کی تنصیب ،چاردیواری کا آغاز بھی کر دیا جائے گا,مایوسی کا شکار الاٹمنٹ حاصل کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی ہو گی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) چیئرمین سرگودہا ڈویلپمنٹ اتھارٹی ممتاز احمد کاہلوں نے بتایا کہ ماڈل ٹاؤن کے 7اور 10 مرلہ کے قرعہ اندازی سے رہ جانیوالے پلاٹوں کی فروخت سے حاصل ہونیوالی تقریباً 42کروڑ روپے کی آمدن سے ٹاؤن کو لاہور کے ڈیفنس ہاؤسنگ منصوبے سے بھی بہترین رہائشی منصوبہ بنایا جائے گا۔ جس میں زندگی کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اسکی ہریالی اور سرسبز و شاداب ماحول کے قیام کیلئے پہلے مرحلے میں پانچ ہزار جبکہ مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے ۔ جس میں گرین بیلٹ پارکس اور راہداریاں شامل ہوں گی۔ساڑھے سولہ مربع رقبہ پر قائم ماڈل پارک کے ایف بلاک میں غریب ،نادار ،مفلس اور کم آمدنی والے افراد کو انتہائی آسان اقساط پر تین مرلے کے دیدہ زیب گھر بنا کر دیئے جائیں گے جو کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کا عکاس ہے ۔ وہ ماڈل ٹاؤن میں ایس ڈی اے کے زیر تعمیر دفتر کے لان میں شجر کاری مہم کے سلسلہ میں پودے لگانے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ چیئرمین ایس ڈی اے نے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندر بجلی کی تنصیب کا عمل مکمل کر لیا جائے گا جبکہ پہلے مرحلے میں ایک کروڑ روپے کی لاگت سے ٹاؤن کی چاردیواری کا آغاز ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ سے نظر انداز کئے گئے اس اہم منصوبے سے مایوسی کا شکار الاٹمنٹ حاصل کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ منصوبہ میں صاف پانی کی فراہمی ،گیس اور بہترین سیوریج سسٹم کی تنصیب شامل ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں