صحت,سڑکوں ,واٹرسپلائی کے مزید 4 منصوبے منظور

صحت,سڑکوں ,واٹرسپلائی کے مزید 4 منصوبے منظور

کمشنر کی زیرصدارت اجلاس ،منصوبے خوشاب،میانوالی اور بھکر میں مکمل کئے جائینگے ،بلاتاخیر کام شروع کرنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں،اعلیٰ افسروں کو ہدایت جاری

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود کی زیر صدارت منعقدہ ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے ا جلاس میں تعمیراتی محکموں کی مزید 8 سکیموں کی منظوری دے دی گئی ہے ۔ منظور کردہ سکیموں میں خوشاب میں محکمہ صحت کی دو اور روڈ کی ایک ’ میانوالی میں واٹر سپلائی سکیم کی ایک اور بھکر میں روڈ کی چار سکیمیں شامل ہیں ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا نائلہ باقر ’ ڈپٹی کمشنر خوشاب محمد حمزہ سالک ’ ڈپٹی کمشنر بھکر سید موسیٰ رضا ’ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نعمان شکیل’ ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ انوار الحق طور او رایس ای ہائی ویز شفقت بخاری کے علاوہ تعمیراتی محکموں کے دیگر افسران شریک تھے ۔ کمشنر نے تعمیراتی محکموں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ ان منصوبہ جات پر جلد کام کے آغاز کے لئے ٹینڈرنگ کاعمل فوری شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر جلد کام کے آغاز اور بروقت تکمیل کیلئے ہدایات جاری کیں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ افسران ان منصوبوں کے حوالے سے کسی تاخیر کے بغیر کام کے آغاز کیلئے ضروری اقدامات کا آغاز کریں ۔اجلاس کو ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نعمان شکیل نے بتایاکہ پنجاب حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2021-22 کیلئے سرگودہا ڈویژن میں تقریبا گیارہ ارب روپے تخمینہ کی 118 نئی سکیموں کی منظوری دی ہے اور بجٹ میں فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں اس وقت سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مختلف محکموں کی 19 -ارب 25کروڑ روپے تخمینہ کی 943 مختلف سکیموں پر کام جاری ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں