تمام مسالک کا احترام ،کسی پر تنقید نہ کی جائے ،ڈی پی او
مقررین ایسی گفتگو نہ کریں جس سے کسی کی دل آزاری ہو یا منافرت پھیلے
دُلے والا (نما ئندہ دنیا ) ڈی پی او بھکر رانا طاہر رحمّٰن خان کی زیر صدارت ضلع بھکرکے تمام مجالس و جلوسوں کے مہتمم / لائسسنداران سے میٹنگ باہمی رواداری، بھائی چارے اور احترام کو ملحوظ خاطر رکھنے کی تاکید، بھکر پولیس مکمل تعاون فراہم کرے گی، تفصیلات کے مطابق محرم الحرام میں تمام مسالک کو بھائی چارے ، رواداری اور باہمی احترام و تعاون کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہوتی ہے اس ضمن میں DPO بھکر رانا طاہر رحمّٰن خان نے پولیس لائنز بھکر میں ضلع بھکرکے تمام مرکزی جلوسوں و مجالس کے مہتمم حضرات و لائسسنداران سے میٹنگ کی۔ ڈی پی او بھکرکا کہنا تھا کہ تمام مہتمم ذاتی طور بھی جلوس و مجالس کیلئے مکمل انتظامات کریں، روشنی کیلئے لائٹنگ کا مناسب بندوبست ہو، داخلی وخارجی راستوں پر مکمل چیکنگ عمل میں لائی جائے ، تمام مسالک کا احترام کرتے ہوئے کسی بھی مسلک یا فرقے پر تنقید نہ کی جائے اور نہ ہی مقررین ایسی گفتگو کریں کہ جس سے کسی کی دل آزاری ہو یا منافرت پھیلے ، جلوسوں کے دورانیے اور مقررہ کردہ راستوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جن مقررین پر ضلع میں داخلے پر پابندی ہے انھیں قطعاً مدعو نہ کیا جائے ۔