عید الاضحی پر صفائی آپریشن،سینٹری ورکرز کے اعزاز میں ظہرانہ
ورکرز نے تقریبا ساڑھے چار ہزار ٹن کوڑا اور آلائشیں اٹھا ئیں ،خالقداد گاڑا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن خالقداد گاڑا کی جانب سے ‘‘ خدمت آپ کی دہلیز پر ’’ پروگرام کے تحت عید الاضحی پر صفائی آپریشن میں حصہ لینے والے سینٹری ورکرز کے اعزاز میں ظہرانہ دیاگیا ۔ظہرانہ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر عمر دراز گوندل سمیت دیگر میونسپل افسران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر اے سی عمر دراز گوندل نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب تمام اہلیان سرگودہا عید کی خوشیاں منارہے تھے اس وقت سینٹری ورکرز انہیں صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے کوشاں تھے حکومت سینٹری ورکرز کے نہ صرف مسائل سے آگاہ ہے بلکہ ا نہیں فرائض کی بجا آوری کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ چیف آفیسر میٹروپولیٹن خالقداد گاڑا نے کہاکہ عید الاضحی پر بارش کے باوجو سینٹری ورکرز نے اپنے فرائض بھر پور طریقہ سے انجا م دیئے ۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حدود سے تقریبا ساڑھے چار ہزار ٹن کوڑا او رقربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو اٹھا کر ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیاگیا ۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ سینٹری ورکرز اور ان کی مانیٹرنگ پر معمور دیگر افسران آئندہ بھی اس جذبہ کے تحت شہر کو صاف ستھرا بنانے کیلئے اپنے فرائض ادا کرینگے ۔