محرم الحرام: جلوسوں کے وقت، مقام، روٹس کی تبدیلی پر پابندی، ناخوشگوار واقعہ انتظامیہ کے نوٹس میں لانیکی ہدایت
بین المسالک ہم آ ہنگی وقت کی ضرورت ،علما ایسے خیالات پروان چڑھائیں جن سے مذہبی رواداری ’محبت اور ایثار کے جذبات پیدا ہوں ،حکومت ذمہ داریوں سے آگاہ ہے ،ڈپٹی کمشنر
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر نے تمام مسالک کے علماء کرام پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے خیالات پروان چڑھائیں جن سے مذہبی رواداری ’محبت اور ایثار کے جذبات پیدا ہوں، حکومت اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور محرم الحرام میں امن وامان کے قیام کیلئے انتہائی ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ بین المسالک ہم آ ہنگی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے ممبران اور عزاداری جلوسوں کے لائسنس ہولڈرز کے الگ الگ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاسوں میں اے ڈی سی جی بلال فیروز اور پولیس کے علاوہ دیگر ممبران نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ علماء کرام جہاں کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ دیکھیں یا کوئی ایسا خدشہ ہو تو فوری طور پر انتظامیہ کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ پولیس او رانتظامیہ آپ کی معاونت سے امن وامان کو بہتر طریقے سے قائم رکھ سکیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہاکہ لائسنس ہولڈرز مجالس او رجلوسوں کے دوران سماجی فاصلے او رکرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جلوسوں کے وقت جگہ او رروٹس کی تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی ۔ علماء کرام نے ضلع میں امن وامان کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی جبکہ لائسنس ہولڈرز نے وقت کی پابندی او ر کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کی یقینی دہانی کروائی ۔